پاکستان نے بھارتی طیاروں اور ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں 24 جون 2026 تک توسیع کر دی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری تازہ نوٹس ٹو ایئر مین (NOTAM) کے مطابق یہ پابندی صبح 4:59 بجے تک برقرار رہے گی۔
نوٹس کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ تمام طیارے، بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ انتظام، ملکیتی یا لیز پر لیے گئے جہاز اور بھارتی فوجی پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گی۔ یہ اقدام پاک بھارت فضائی تعلقات میں جاری کشیدگی کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس سے قبل جاری کیے گئے نوٹم میں یہ پابندی 24 مئی تک تھی، تاہم اب اسے مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو بین الاقوامی روٹس تبدیل کرنا پڑتے ہیں جس سے پروازوں کا دورانیہ بڑھتا اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ماضی میں بھی پاکستان نے 2019 میں فضائی حدود بند کی تھی، جو تقریباً پانچ ماہ تک جاری رہی، جس سے بھارتی ایئرلائنز کو کروڑوں ڈالر کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں یہ پابندیاں علاقائی سیکیورٹی اور سفارتی حالات کے تناظر میں برقرار رکھی گئی ہیں، اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔