بلوچستان حکومت نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے گوادر میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے مخصوص مارکیٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان اور محکمہ ترقی نسواں کی سیکرٹری سائرہ عطا نے شرکت کی۔ یہ مارکیٹ گوادر میں خواتین کی معاشی شمولیت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے جس کا مقصد مقامی خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اس مارکیٹ میں 14 دکانیں قائم کی گئی ہیں جہاں خواتین مختلف چھوٹے کاروبار اور دستکاری سمیت دیگر سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف خواتین کی مالی خودمختاری میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے افتتاح کے موقع پر مارکیٹ کا دورہ کیا اور خواتین کاروباری افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں خواتین کو بااختیار بنانا شامل ہے اور ایسے منصوبے ان کی معاشی آزادی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام بلوچستان میں خواتین کے لیے معاشی مواقع بڑھانے اور انہیں مرکزی دھارے کی معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ایک عملی کوشش ہے۔