28°C Cloudy

اسلام آباد مذاکرات، ایران نے مطالبات اور امریکی شرائط پر تحفظات پیش کیے

اسلام آباد، پاکستان میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستانی حکام سے ملاقات کے دوران امریکہ کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے اپنے مطالبات اور امریکی شرائط پر تحفظات پیش کیے۔ ذرائع کے مطابق ایران کا مؤقف تاحال تبدیل نہیں ہوا اور وہ اپنی سابقہ پالیسی پر قائم ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عراقچی نے پاکستانی قیادت کو خطے میں جاری صورتحال اور جنگ سے متعلق قیادت کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسے مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا جہاں امریکہ یکطرفہ شرائط عائد کرے، جبکہ ایران نے خطرات اور پابندیوں کے خاتمے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز پر عائد پابندیوں کے خاتمے کو مذاکرات کے دوسرے دور کے آغاز کے لیے اہم شرط قرار دیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات میں تاخیر کا امکان بڑھ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی وفد تاحال امریکی نمائندوں سے ملاقات کے لیے تیار نہیں۔

مبصرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم غلط معلومات اور غیر مصدقہ خبروں کی بھرمار کے باعث اصل پیش رفت واضح نہیں ہو رہی۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا اور برینٹ خام تیل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔