26°C Sunny

امریکہ اور ایران مذاکرات کے نئے دور کی تاریخ طے نہیں ہوئی، دفتر خارجہ

پاکستان میں دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کی ابھی کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پسِ پردہ سفارتی رابطے جاری ہیں، جن میں جوہری امور بنیادی موضوع کے طور پر زیر غور ہیں۔

ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اس عمل میں ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم کسی بھی فریق کے مؤقف پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ مکمل طور پر خفیہ سفارتی عمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مذاکرات کی نوعیت اعتماد اور رازداری پر مبنی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششیں صرف اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات تک محدود نہیں بلکہ مختلف سطحوں پر مسلسل رابطے جاری ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ خطے میں استحکام، خصوصاً لبنان کی صورتحال، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارت کاری کے لیے اہم ہے۔

حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان کی قیادت نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دوروں کے ذریعے بھی خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں تیز کی ہیں، جبکہ فوجی قیادت کی سطح پر بھی تہران کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے گزشتہ مذاکرات انتہائی طویل اور تفصیلی تھے جو کئی گھنٹوں پر محیط رہے، تاہم کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مسلسل رابطہ اور سفارت کاری ضروری ہے، جبکہ عالمی شراکت دار بھی اس کردار کو مثبت قرار دے رہے ہیں۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات سے تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای پاکستان کا قریبی اور قابل اعتماد دوست ملک ہے اور مالی معاملات کا حالیہ خطے کی کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں۔