اسلام آباد، پاکستان میں مشرق وسطیٰ کی جنگ اور خطے کی کشیدگی کم کرنے کیلئے ایک اہم سفارتی پیش رفت کے تحت سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کل اور پیر کو اسلام آباد میں مذاکرات کریں گے۔ یہ اجلاس پاکستان کی دعوت پر ہو رہا ہے جس کی میزبانی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی کے امکانات اور وسیع تر علاقائی مسائل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ غیر ملکی وزرائے خارجہ کی ملاقات وزیراعظم شہباز شریف سے بھی متوقع ہے، جس میں پاکستان کے ثالثی کردار اور امن کوششوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
پاکستان کو اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان غیر رسمی رابطوں میں اہم سہولت کار کا کردار حاصل ہے، جبکہ خطے کے ممالک اسے ایک متوازن سفارتی پل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ابتدائی طور پر یہ اجلاس ترکیہ میں ہونا تھا مگر بعد میں اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اجلاس پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے، جہاں خطے کی بڑی طاقتیں اسے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کیلئے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔