28°C Sunny

ایران کا وقتی جنگ بندی سے انکار، خطے میں مکمل جنگ کے خاتمے کا مطالبہ

تہران، ایران میں نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی عارضی جنگ بندی کو قبول نہیں کرے گا اور پورے خطے میں جنگ کے مکمل خاتمے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی معاہدے میں لبنان سے لے کر بحیرہ احمر تک تمام تنازعات کا حل شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف واضح ہے کہ موجودہ تنازعہ کو وقتی طور پر نہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے ختم کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی کا مقصد بھی اسی جامع امن کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔

آبنائے ہرمز سے متعلق بات کرتے ہوئے ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ آبی گزرگاہ تاریخی طور پر کھلی رہی ہے اور آئندہ بھی عالمی تجارت کے لیے کھلی رہنی چاہیے، تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق نئے سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیل پر خطے میں کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں نے عالمی معیشت اور تجارت کو متاثر کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں دیرپا امن قائم ہو جائے اور امریکہ اپنے مؤقف میں لچک دکھائے تو آبنائے ہرمز ایک مستحکم تجارتی راستہ رہے گی۔