اسلام آباد، 15 اپریل (ویب ڈیسک): سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں منشیات کی پیداوار، فیول اسمگلنگ اور ٹیکس چوری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کی، جس میں کسٹمز کے گودام سے بڑی مقدار میں سگریٹس کی چوری کے کیس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کیس سے متعلق متعدد افسران کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق تمام جوابات موصول ہونے کے بعد حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی، جبکہ کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو فوری اور سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی۔