27°C Sunny

بلوچستان پولیس میں کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبل کی نئی بھرتیوں کا اعلان، آٹھ اضلاع سے درخواستیں طلب

بلوچستان پولیس نے صوبے کے آٹھ اضلاع میں کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبل کی آسامیوں پر نئی بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ پولیس نے اہل مرد و خواتین امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں، جبکہ امیدواروں کے لیے تعلیمی، جسمانی، عمر اور مقامی رہائش کی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔ منتخب امیدواروں کو بنیادی تنخواہ اسکیل سات میں کانسٹیبل مقرر کیا جائے گا۔ بھرتی کے لیے چاغی، قلات، مستونگ، قلعہ عبداللہ، زیارت، کچھی، اوستا محمد اور نوشکی کے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں، تاہم امیدوار کا مقامی سرٹیفکیٹ یا ڈومیسائل متعلقہ ضلع کا ہونا ضروری ہے۔ مرد امیدوار کے لیے کم از کم میٹرک، عمر 18 سے 28 سال، قد پانچ فٹ پانچ انچ اور 1.6 کلومیٹر دوڑ سات منٹ میں مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ خواتین امیدوار کے لیے میٹرک، عمر 18 سے 30 سال، کم از کم پانچ فٹ قد اور ایک کلومیٹر دوڑ سات منٹ میں مکمل کرنے کی شرط ہے۔ درخواستیں متعلقہ ضلعی پولیس دفتر میں 10 اکتوبر 2026 تک جمع کرانا ہوں گی۔ درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، ڈومیسائل یا مقامی سرٹیفکیٹ اور چار حالیہ تصاویر جمع کرانا ہوں گی جبکہ 400 روپے ناقابل واپسی فیس بھی مقرر کی گئی ہے۔ بھرتی کے مراحل میں جسمانی پیمائش، دوڑ، تحریری امتحان اور طبی معائنہ شامل ہوگا