بلوچستان میں خواتین اور لڑکیوں کی صحت اور باعزت رسائی یقینی بنانے کے لیے ماہواری (Menstrual Hygiene) مصنوعات پر ٹیکس میں کمی یا مکمل خاتمے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
وزیرِ تعلیم بلوچستان ربیعہ درانی نے ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کی صحت، وقار اور فلاح کے لیے مؤثر قانون سازی کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ اجلاس MHM ورکنگ گروپ اور یونیسیف پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں پالیسی سازوں، انتظامی حکام اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تجویز کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے بنیادی صحت کی سہولیات کو سستا اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ ماہواری صحت سے متعلق مصنوعات پر صوبائی ٹیکس میں 50 فیصد کمی یا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ حکام کے مطابق اس حوالے سے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے اور بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ قرارداد پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔