28°C Sunny

بلوچستان اسمبلی نے بچوں سے مشقت اور تولیدی صحت کے حقوق سے متعلق بل منظور کرلیے

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی نے بچوں سے مشقت کی روک تھام اور تولیدی صحت کے حقوق کے تحفظ سمیت متعدد اہم بل اور قراردادیں منظور کرلی ہیں۔ اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان میں بچوں کے روزگار سے متعلق ترمیمی بل اور تولیدی صحت کے حقوق کے تحفظ و فروغ کا بل منظور کیا گیا۔ ایوان نے مختلف اضلاع میں محفوظ گھروں کی تعمیر سے متعلق بل بھی منظور کیا جبکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، دہشت گردی، انتہاپسندی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے قومی لائحہ عمل پر مؤثر عملدرآمد کی قرارداد بھی منظور کی۔ بلوچستان آبی وسائل کے انتظام اور ضابطہ فوجداری میں ترمیم سے متعلق بل مزید غور کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیے گئے۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی بحث ہوئی اور حکومتی و اپوزیشن ارکان نے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور بند کمرہ اجلاس کی ضرورت پر زور دیا۔ ایوان نے تیزاب گردی کی روک تھام اور متاثرین کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کی مشترکہ قرارداد بھی منظور کی۔ قرارداد خواتین پارلیمانی گروپ کی جانب سے رکن اسمبلی شاہدہ رؤف نے پیش کی۔ اجلاس میں آبپاشی کے وزیر نے بتایا کہ بلوچستان میں 886 ڈیم مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 223 ڈیم زیر تعمیر ہیں۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بھی مختلف امور پر اظہار خیال کیا اور حکومتی اقدامات سے ایوان کو آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران جاں بحق افراد کے خاندانوں کے لیے ملازمتوں کے کوٹے سمیت عوامی نوعیت کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔