پاکستان اور چین نے انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون اور سرحدی انتظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے دہشت گردی کی معاونت اور مالی معاونت روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے چینی ہم منصب لنگ ژی فینگ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید فروغ دینے، سرحدی انتظام کو مضبوط بنانے، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا
فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت، سہولت کاری اور دیگر امدادی ذرائع کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے
پاکستان اور چین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے دہشت گردی، سرحد پار جرائم اور دیگر سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے
