30°C Sunny

وزیراعظم شہباز شریف کا پولیو کے خاتمے اور بچوں کی صحت کے تحفظ کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے اور بچوں میں لیڈ (سیسے) کی آلودگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کے “زیرو ٹالرنس” پالیسی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے قومی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مؤثر تعاون جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے یہ بات یونیسف اور “پارٹنرشپ فار لیڈ فری فیوچر” کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی جو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوئی۔ ملاقات میں عالمی ماہرین اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لیڈ کی آلودگی بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما پر سنگین اثرات ڈال سکتی ہے، جو ایک اہم صحت عامہ کا مسئلہ ہے۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ لیڈ کے مضر اثرات کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور اس حوالے سے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ بچوں کی صحت کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

وفد نے پاکستان میں پولیو کے خلاف اقدامات اور صحت کے شعبے میں بہتری کو سراہا اور لیڈ آلودگی سے متاثرہ علاقوں سے متعلق ایک حالیہ سروے کے نتائج بھی پیش کیے۔ انہوں نے اس مسئلے پر عوامی آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں شریک شرکاء نے حکومت کی صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اصلاحات کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کی پائیدار ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔