31°C Storm

امریکہ اور ایران کے وفود آج پاکستان پہنچیں گے، اہم مذاکرات

امریکہ اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود آج اسلام آباد پہنچیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ملاقاتیں کی جا سکیں۔

ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس خصوصی امریکی وفد کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے، جس میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ اس سے قبل ۲۳ رکنی پیشگی سیکیورٹی ٹیم پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکی ہے تاکہ انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔

ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کے بھی آج رات اسلام آباد پہنچنے کی توقع ہے۔

امریکی وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک ٹیم پاکستان بھیجی ہے، اور یہ مذاکرات ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ہوں گے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی پاکستان کے وزیرِاعظم کو ایرانی وفد کی شرکت سے آگاہ کیا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں مذاکراتی عمل کی حمایت کرنے والے دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا، جن میں چین، سعودی عرب، ترکی، مصر اور قطر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممالک خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیرِاعظم کے مطابق خلیجی تعاون کونسل کی مسلسل حمایت بھی اس عمل میں انتہائی اہم ہے۔

وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ امریکہ سمیت تمام فریقین نے اس پورے عمل میں دانشمندی، صبر اور حکمت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ موقع خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔