گوادر میں اتوار کے روز سیکریٹری بحری امور محمد خرم آغا کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین نورالحق بلوچ نے متعلقہ منصوبوں اور ادارہ جاتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران گوادر پورٹ کی مجموعی پیش رفت، یومیہ ۱۲ لاکھ گیلن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ڈی سیلینیشن پلانٹ، گوادر فری زون میں جاری سرگرمیوں، گوادر انٹرنیشنل ٹرمینل لمیٹڈ سے متعلق معاملات اور اتھارٹی کے ماسٹر پلان پر روشنی ڈالی گئی۔
اجلاس میں گوادر پورٹ کی تزویراتی اہمیت، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور فری زون کی ترقی سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام نے بندرگاہ کے مستقبل کی ترقی اور اس سے منسلک تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے لیے ماسٹر پلان کی اہمیت پر غور کیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بندرگاہی بنیادی ڈھانچے، ٹرمینل آپریشنز اور فری زون کی مربوط ترقی گوادر پورٹ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے لیے اہم ہے۔ سیکریٹری بحری امور کا دورہ جی پی اے کے انتظامی معاملات کا جائزہ لینے اور متعلقہ حکام سے براہ راست معلومات حاصل کرنے کے لیے کیا گیا۔