حکومت بلوچستان اور لمز میں قائم نیشنل اے آئی ہب فار میٹرنل، نیوبورن اینڈ چائلڈ ہیلتھ (MNCH) کے درمیان مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت اور شواہد پر مبنی فیصلوں کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے کا مقصد بلوچستان میں ماؤں، نومولود بچوں اور بچوں کی صحت سے متعلق خدمات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت صوبے کی مقامی صحت کی ضروریات کو نیشنل اے آئی ہب کی مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور ڈیجیٹل ہیلتھ کے ماہرین کی تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ دونوں فریق صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، سروس ڈیلیوری بہتر کرنے اور صحت سے متعلق پالیسی سازی اور منصوبہ بندی میں معاونت کے لیے اے آئی پر مبنی حل تلاش، تیار اور آزمائیں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر لمز میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط کیے گئے، جس میں حکومت بلوچستان کے اعلیٰ حکام، یونیورسٹی قیادت، محققین اور صحت عامہ کے ماہرین نے شرکت کی۔ حکومت بلوچستان کے وفد کی قیادت سیکریٹری محکمہ صحت مجیب الرحمان نے کی۔ منصوبے میں ڈیجیٹل ہیلتھ، ہیلتھ انفارمیشن سسٹمز، پیش گوئی پر مبنی تجزیات، کلینیکل فیصلہ سازی، مقامی زبانوں میں صحت کے ٹولز اور ذمہ دارانہ اے آئی کے استعمال پر توجہ دی جائے گی۔ فریقین کا کہنا ہے کہ حل بلوچستان کی مقامی ضروریات، زبانوں، انفراسٹرکچر اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جائیں گے۔