29°C Storm

اسلام آباد میں امریکہ ایران امن مذاکرات سے قبل سخت سیکیورٹی اور ٹریفک پابندیاں نافذ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں امریکہ اور ایران کے اعلیٰ سطح کے امن مذاکرات سے قبل سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے اور اہم ٹریفک پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر نیتالی بیکر سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور آئندہ مذاکرات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی میزبانی میں یہ مذاکرات اس عارضی جنگ بندی کے بعد ہو رہے ہیں جو حالیہ کشیدگی کے بعد اسلام آباد کی سفارتی کوششوں سے ممکن ہوئی۔

حکام کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سمیت اعلیٰ امریکی وفد مذاکرات میں شریک ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات نافذ کرتے ہوئے اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔

ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک بند رہے گا جبکہ اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر متعدد مقامات پر ڈائیورشنز قائم کی گئی ہیں۔

پشاور، لاہور اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کے لیے متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم کیا جا سکے۔

ریڈ زون کے قریب واقع سرکاری اسکولوں میں امتحانات بھی مؤخر کر دیے گئے ہیں، جن میں آئی ایم سی بی جی سکس فور اور وزیر اعظم اسٹاف کالونی جی فائیو کے امتحانی مراکز شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکار شہر بھر میں تعینات ہیں اور شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کریں اور تعاون کریں۔