29°C Sunny

اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز کمیٹی کی پاور سیکٹر معاہدے اور پی این ایس سی بورڈ تقرریوں کی منظوری

کابینہ کی کمیٹی برائے اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز (CCoSOEs) نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے پبلک سروس آبلیگیشن (PSO) معاہدے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) اور دیگر اداروں میں بورڈ تقرریوں کی بھی توثیق کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں کی، جس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا، جس کا مقصد ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے عوامی خدمت کی ذمہ داریوں کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے طے شدہ شرائط کے مطابق باضابطہ بنانا ہے۔

کمیٹی نے اس PSO فریم ورک کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاور سیکٹر کی کارکردگی بہتر بنانے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔

اجلاس میں بحری امور ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری کے تحت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی بھی منظوری دی گئی۔ حکام کے مطابق یہ تقرریاں اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ 2023 اور گورننس فریم ورک کے مطابق کی گئی ہیں۔

مزید برآں، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈویژن کی سفارش پر انڈیجینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (IRADA) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی بھی منظوری دی گئی، جو دفاعی، صنعتی اور تعلیمی شعبوں میں تحقیق و ترقی کے فروغ کے لیے قائم کی گئی ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق یہ فیصلے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، شفافیت بڑھانے اور گورننس ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔