چین کی مالیاتی اداروں پر مشتمل ایک کنسورشیم، جس کی قیادت چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج (CFFEX) کر رہی ہے، نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس میں اپنی موجودگی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ریگولیٹری منظوریوں کے بعد سرمایہ کاری میں توسیع کا عمل تیز کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چینی وفد نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی مالیاتی منڈیوں میں مستقبل کی سرمایہ کاری، ادارہ جاتی روابط اور جدید مارکیٹ انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
کنسورشیم نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس میں اپنی شمولیت کو مزید وسعت دے گا، جس کے تحت کراس بارڈر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) متعارف کرانے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے دو طرفہ مواقع بڑھائے جا سکیں۔
مزید بتایا گیا کہ چینی سرمایہ کاروں کو سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (CDC) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (NCCPL) میں اپنی حصص داری بڑھانے کی اجازت ملنے کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جو پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ان کے طویل مدتی کردار کو مزید مضبوط کرے گی۔
اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے پراپرٹی مینجمنٹ ڈھانچے کی تنظیم نو پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد ادارے کو اس کی بنیادی تجارتی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دینا ہے۔
چینی وفد نے پاکستان کی معیشت اور ریگولیٹری اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدید ٹریڈنگ سسٹمز، بہتر مارکیٹ سرویلنس، نئی مالیاتی مصنوعات اور سرمایہ کاروں کی تربیت کے پروگرامز کے ذریعے پاکستان کی مالیاتی مارکیٹ کی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔
SECP حکام نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ اصلاحات، جدت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بین الاقوامی شراکت داری پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو خطے میں مزید مستحکم بنانے میں مدد دے گی۔