31°C Sunny

بلوچستان گورنر نے پاک جاپان کلچرل سینٹر میں نمائش کا افتتاح کر دیا

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے پاک جاپان کلچرل سینٹر کے دورے کے دوران جاپانی کیلنڈر نمائش کا افتتاح کیا اور پاکستان و جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور تعاون کو اجاگر کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی اور باہمی اعتماد کی علامت ہے اور جاپان نے مشکل ادوار اور قدرتی آفات کے دوران بلوچستان کے عوام کی بھرپور مدد کی ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور جاپانی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر غور کریں تاکہ دونوں ممالک کو معاشی فائدہ حاصل ہو سکے۔ گورنر نے جاپانی سفیر اور قونصل جنرل کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ جاپان کی جدید ٹیکنالوجی اور تعلیمی شعبے میں مہارت بلوچستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس سلسلے میں اسکالرشپس اور تعلیمی شراکت داریوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کی ترقی اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون سے بلوچستان کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے اور مستقبل میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

تقریب میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، اعزازی قونصل جنرل سید ندیم شاہ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔