اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع بارگزئی X-01 (سلانٹ) کنویں سے تجارتی پیداوار کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جسے کمپنی نے ملک کی تاریخ میں ایک ہی کنویں سے سب سے بڑی دریافت قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کنواں او جی ڈی سی ایل کی مجموعی خام تیل پیداوار کا تقریباً 10 فیصد فراہم کر رہا ہے اور اسے پاکستان کا سب سے زیادہ پیداوار دینے والا کنواں قرار دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیداوار کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا، جس میں سیکرٹری پیٹرولیم ہامد یعقوب شیخ، او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے ملکی توانائی پیداوار میں اضافہ، درآمدی بل میں کمی اور زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔