30°C Sunny

بلوچستان ٹرینی ڈی ایس پیز کی پنجاب آئی جی سے ملاقات

لاہور: پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس عبدالكریم نے بلوچستان پولیس کے زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز) سے مرکزی پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی اور جرائم کے کنٹرول اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق بلوچستان پولیس کے 35 زیر تربیت ڈی ایس پیز، جو تیسرے اسپیشلائزڈ ٹریننگ کورس میں شریک ہیں، نے سی پی او لاہور کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر افسران نے پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہا، خصوصاً اسمارٹ پولیسنگ، کرائم کنٹرول، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور بلوچستان، سندھ اور دیگر صوبوں کے افسران کو بھی اسی طرز کی جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بین الصوبائی پولیس تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ پولیس افسران کے لیے فیلڈ ورک کے ساتھ ساتھ انتظامی مہارتیں اور ڈیجیٹل ٹولز کا استعمال بھی ضروری ہے تاکہ جرائم پر بہتر قابو پایا جا سکے اور عوامی خدمات میں بہتری لائی جا سکے۔

ملاقات کے دوران زیر تربیت افسران نے اپنے تجربات اور مشاہدات سے آئی جی پنجاب کو آگاہ کیا جبکہ پنجاب پولیس کی مختلف آپریشنل شعبہ جات، پولیس میوزیم اور شہداء کی یادگار کا بھی دورہ کیا گیا۔

یہ تربیتی تبادلہ پروگرام بین الصوبائی تعاون، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید پولیسنگ نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔