وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پروگرام کے تحت ملک کے تقریباً 17 کروڑ افراد کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام تعلیم، شمولیت، ماحولیات اور روزگار کے چار بنیادی شعبوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تربیت کے مواقع سے جوڑا جا رہا ہے، جہاں 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 4 ہزار سے زیادہ ادارے رجسٹرڈ ہیں۔
رانا مشہود کے مطابق پلیٹ فارم پر ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں اور 3 ہزار سے زائد اسکالرشپس کی معلومات دستیاب ہیں، جبکہ اس نظام کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے روزانہ اپڈیٹ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم یوتھ بزنس و زرعی قرضہ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے تحت قرضوں کی مالیت 200 ارب روپے سے بڑھا کر 250 ارب روپے کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر قرضہ اوسطاً 3.3 ملازمتیں پیدا کرتا ہے، جبکہ حکومت نے پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی بھی متعارف کرائی ہے جس میں خواتین کی 35 فیصد شمولیت کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر کراچی چیمبر کے نمائندوں نے نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ، اپرنٹس شپ اور اسٹارٹ اپ مواقع بڑھانے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔