28°C Sunny

بلوچستان میں خان آف قلات کے صاحبزادے شہزادہ محمد خان احمدزئی تین محافظوں سمیت اغوا

بلوچستان میں خان آف قلات کے صاحبزادے شہزادہ محمد خان احمدزئی تین محافظوں سمیت اغوا

بلوچستان میں خان آف قلات میر سلیمان داؤد جان احمدزئی کے صاحبزادے شہزادہ محمد خان احمدزئی کو تین محافظوں سمیت اغوا کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جب وہ خضدار سے قلات جا رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق شہزادہ محمد خان احمدزئی کی گاڑی کو سوراب اور قلات کے درمیان مسلح نامعلوم افراد نے روک لیا۔ مسلح افراد شہزادے اور ان کے تین سکیورٹی اہلکاروں کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔

واقعے کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ مغوی افراد کے بارے میں بھی فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تفصیلات اور اغوا کے محرکات کے حوالے سے بھی کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس، سکیورٹی اداروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مغوی افراد کا سراغ لگانے اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ شہزادہ محمد خان احمدزئی اور ان کے تین محافظ کہاں موجود ہیں یا انہیں اغوا کرنے کے پیچھے کیا عوامل کارفرما ہیں۔ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات اور سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔