29°C Storm

ایوانِ صدر میں اہم اجلاس، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کے ثالثی کردار پر غور

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری آج ایوانِ صدر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری حکام اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔

اجلاس میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی، خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں پٹرولیم ذخائر، سپلائی چین اور کفایت شعاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ممکنہ “اسمارٹ لاک ڈاؤنز” اور دیگر احتیاطی اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ صوبائی حکومتوں کی تجاویز بھی زیر بحث آئیں گی۔ اسی طرح موٹرسائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کے لیے سبسڈی پالیسی سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکاء کو پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان ہونے والے چار ملکی اجلاس کے نتائج پر بھی بریفنگ دیں گے۔ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر غور کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے کی تجاویز بھی ابتدائی طور پر زیر غور آئیں، جبکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔