30°C Sunny

بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک سیکیورٹی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان

کوئٹہ کور کمانڈر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور صوبے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ میں پاکستانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کور کمانڈر نے بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کے ماحول اور صوبے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں امن و استحکام مضبوط بنانے کے اقدامات، دہشت گرد گروہوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور دیگر سیکیورٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو سیکیورٹی آپریشنز کے دوران دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے ہتھیار اور گولہ بارود بھی دکھایا گیا۔ کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بہتری کے ساتھ ترقیاتی اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے اور پائیدار امن، استحکام اور صوبے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بریفنگ کے بعد میڈیا نمائندوں نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان میں جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران زخمی ہونے والے فوجی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی صحت و بحالی کے بارے میں معلومات حاصل کیں