29°C Sunny

وزیراعظم کی سفارتخانوں کو پاکستانیوں کے لیے روزگار مواقع پیدا کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک قائم پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایت پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے حصول کے لیے پاکستانی نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے امیگریشن نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی اور نظام میں شفافیت بھی بڑھے گی۔

شہباز شریف نے وزارت اوورسیز پاکستانیز، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں اور افرادی قوت کے لیے اسکلز ٹریننگ، زبانوں کے کورسز اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز کا انتظام یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کو تیار کرنا حکومت کی ترجیح ہے تاکہ انہیں بہتر روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں اور ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔