30°C Sunny

پاکستان ریلوے کا ڈیجیٹل نظام میں بڑا انقلاب، RAIN پروگرام شروع

پاکستان ریلوے نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحاتی پروگرام RAIN کے تحت ملک بھر میں ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ریلوے آپریشنز، فریٹ سروسز اور مسافروں کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت 1,700 کلومیٹر پر مشتمل فائبر آپٹک نیٹ ورک بچھایا جائے گا، جس میں 700 کلومیٹر ریلوے کی اپنی ملکیت جبکہ 1,000 کلومیٹر فری آرگنائزیشن (FWO) کے ساتھ شراکت داری میں تیار کیا جائے گا۔ اس نیٹ ورک کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فعال کیا جائے گا تاکہ ڈیجیٹل رابطوں اور ڈیٹا ٹرانسمیشن کو بہتر بنایا جا سکے۔

پروگرام کے تحت پاکستان ریلوے اپنی 78 سالہ تاریخ کا پہلا مکمل ڈیجیٹل فریٹ مینی فیسٹ سسٹم بھی متعارف کرائے گا، جس سے سامان کی ترسیل، ریکارڈنگ اور ٹریکنگ میں شفافیت اور تیزی آئے گی۔ اس کے علاوہ ٹرینوں اور ویگنز کی GPS بیسڈ ٹریکنگ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ آپریشنل نگرانی اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام ریلوے کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے ملک کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بڑی بہتری متوقع ہے۔