30°C Sunny

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سول سروس تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور بنگلہ دیش نے سول سروس تعاون اور انتظامی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ گورننس اصلاحات، ادارہ جاتی استعداد کار اور تربیتی تبادلے کے ذریعے باہمی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بنگلہ دیشی سینئر سول سرونٹس کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اور دونوں ممالک کی سول سروسز کے درمیان مضبوط روابط باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

ملاقات میں گورننس سسٹم، انتظامی اصلاحات اور پیشہ ورانہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل بھی موجود تھے۔

وزیر اطلاعات نے پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر وفد کو بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایگزیکٹو ڈیولپمنٹ پروگرام ادارہ جاتی تعاون کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی اور انتظامی ورثے میں مشترکات رکھتے ہیں، جو تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول سروس اداروں کے درمیان تعاون، مشترکہ تحقیق، فیکلٹی ایکسچینج اور تربیتی ماڈیولز کی تیاری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان کے انتظامی نظام اور اصلاحاتی اقدامات میں دلچسپی ظاہر کی اور ان مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔ وفد میں سینئر سول افسران شامل تھے جنہوں نے مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے اور تربیتی تعاون کو سراہا۔

حکام کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور خطے میں بہتر تعاون کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔