27°C Sunny

بلاول بھٹو نے بلوچستان میں صحت منصوبے اور ایئر ایمبولینس سروس شروع

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں 11 بڑے صحت اور عوامی فلاحی منصوبوں کا افتتاح کر دیا، جن میں صوبے کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس اور جدید ٹراما سینٹر بھی شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد صوبے میں ہنگامی طبی سہولیات کو بہتر بنانا اور دور دراز علاقوں تک علاج کی رسائی بڑھانا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کوئی بھی شخص مالی مشکلات کی وجہ سے علاج سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام دوست پالیسیوں پر عمل پیرا رہی ہے اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسی مقصد کے تحت مختلف منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ سندھ کے صحت ماڈل کو بلوچستان میں بھی متعارف کرا کے عوامی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بینظیر ایمبولینس سروس اور پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جیسے وسیع اور دور دراز علاقوں والے صوبے میں ایئر ایویکویشن کی سہولت انتہائی ضروری تھی تاکہ مریضوں کو بروقت بڑے اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے۔

بلاول بھٹو نے کوئٹہ ٹراما سینٹر کو جدید طبی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 150 بستروں پر مشتمل یہ مرکز جدید آلات سے لیس ہے اور صوبے میں ایمرجنسی طبی خدمات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختصر مدت میں متعدد اہم منصوبوں کی تکمیل قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ منصوبوں کا افتتاح عید کے بعد اپنے آئندہ دورہ کوئٹہ کے دوران کیا جائے گا۔