شہر قائد میں انٹرمیڈیٹ کلاس 11 اور 12 کے سالانہ امتحانات کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہو گیا ہے جس میں مجموعی طور پر ایک لاکھ انسٹھ ہزار پانچ سو بہتر (159,572) طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے مطابق امتحانات صبح اور شام کی دو شفٹوں میں 175 امتحانی مراکز پر منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں سے 130 مراکز صبح اور 45 مراکز شام کے سیشن کے لیے مختص ہیں۔
حکام نے 21 مراکز کو انتہائی حساس جبکہ 9 کو حساس قرار دیا ہے تاکہ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ پہلی بار ڈیجیٹل اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم (DAMS) متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت طلبہ اور عملے کی حاضری ڈیجیٹل طور پر ریکارڈ کی جائے گی۔
امتحانی پرچوں کی ترسیل، کھولنے اور دوبارہ سیل کرنے کے تمام مراحل کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ہر پرچے پر کیو آر کوڈ اور بارکوڈ بھی درج ہے تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
چیئرمین بورڈ کے مطابق امتحانات کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں جبکہ ہیٹ ویو کے پیش نظر کے الیکٹرک اور محکمہ صحت کو بھی خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔
نقل کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ واٹس ایپ گروپس کے ذریعے پرچہ لیک کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے اور فوٹو کاپی شاپس پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔