30°C Sunny

عائشہ ظفر کی ریکارڈ سنچری، پاکستان ویمنز ٹیم کا ٹی20 میں تاریخی اسکور

پاکستان ویمنز ٹیم کی اوپننگ بیٹر عائشہ ظفر نے زمبابوے کے خلاف شاندار اور ناقابلِ شکست سنچری اسکور کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں عائشہ ظفر نے 47 گیندوں پر 102 رنز ناٹ آؤٹ کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

انہوں نے اننگز کے اختتام پر آخری گیند پر اپنی سنچری مکمل کی اور پاکستان کو 237/5 کے مجموعی اسکور تک پہنچایا جو ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

یہ کارکردگی پاکستان ویمنز کرکٹ کے لیے تاریخی ثابت ہوئی کیونکہ عائشہ صرف دوسری پاکستانی بلے باز بن گئیں جنہوں نے ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں سنچری اسکور کی۔

ان کی اننگز نے کئی ریکارڈز بھی توڑ دیے، جن میں سب سے تیز سنچری اور ایک اننگز میں سب سے بڑا انفرادی اسکور برابر کرنا شامل ہے۔

پاکستان نے اس سے قبل ٹی20 فارمیٹ میں 181/4 کا بہترین اسکور بنایا تھا جو 2024 میں جنوبی افریقہ کے خلاف تھا، تاہم عائشہ کی شاندار بیٹنگ نے یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

یہ کارکردگی نہ صرف انفرادی سطح پر اہم سنگِ میل ہے بلکہ پاکستان ویمنز ٹیم کے مجموعی بیٹنگ معیار میں بہتری کی بھی عکاس ہے۔