29°C Storm

بلوچستان میں انسداد پولیو مہم، لاکھوں بچوں تک ویکسین پہنچانے کا عمل جاری

کوئٹہ: بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں تقریباً 31 لاکھ خوراکیں سخت کولڈ چین نظام کے تحت کوئٹہ کے مرکزی اسٹورز سے مختلف اضلاع کو روانہ کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق ویکسین کو مقررہ درجہ حرارت میں محفوظ رکھتے ہوئے دشوار گزار پہاڑی علاقوں، برفانی خطوں اور دور افتادہ دیہات تک پہنچایا جا رہا ہے۔

پشین، چمن اور قلعہ عبداللہ سمیت حساس علاقوں میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلا رہے ہیں، بعض اوقات انہیں طویل پیدل سفر بھی کرنا پڑتا ہے۔

حکام نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان وہ دو ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی موجود ہے، اس کے خاتمے کے لیے ہر مہم انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

تاہم آگاہی کی کمی، غلط معلومات اور سیکیورٹی مسائل بدستور بڑے چیلنجز ہیں، اس کے باوجود ہیلتھ ورکرز اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔