22°C Sunny

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کا معاہدہ

واشنگٹن، امریکہ میں پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے رکھے گئے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ معاہدہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان طے پایا، جس کے تحت تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی میچورٹی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد نے دستخط کیے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی موجود تھے۔

حکام کے مطابق اس معاہدے سے پاکستان کی بیرونی مالی پوزیشن کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ سعودی عرب کی جانب سے حالیہ دنوں میں پاکستان کے لیے مزید تین ارب ڈالر کے ڈپازٹس کی پیشکش اور موجودہ پانچ ارب ڈالر کی سہولت میں تین سال کی توسیع بھی کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے لیے مالی تعاون کے تسلسل کا حصہ ہے اور عالمی مالیاتی اداروں کے اجلاس کے دوران ہونے والی اقتصادی ملاقاتوں میں اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔