گوادر پورٹ پر ایک اور ٹرانسشپمنٹ کارگو جہاز ایم وی شو لانگ لنگر انداز ہو گیا ہے جو 16 ہزار 77 میٹرک ٹن سامان پر مشتمل ہے۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے مطابق اس کھیپ میں 13 ہزار سے زائد پیکجز شامل ہیں جن میں چینی ساختہ صنعتی آلات اور پائپ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ سامان اصل میں کویت بھیجا جانا تھا تاہم اسٹریٹ آف ہرمز میں جاری بحری صورتحال کے باعث اسے گوادر کی طرف موڑ دیا گیا۔ اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران گوادر پورٹ متبادل تجارتی راستے کے طور پر تیزی سے اہمیت حاصل کر رہا ہے۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نور الحق بلوچ کے مطابق اپریل 2026 کے دوران پورٹ پر چار ٹرانسشپمنٹ جہازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے جو بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی استعداد اور علاقائی تجارت میں اس کے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موڑے گئے جہازوں کی ڈاکنگ، کارگو ہینڈلنگ اور دستاویزی کارروائی مؤثر انداز میں مکمل کی جا رہی ہے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے پورٹ کی آپریشنل تیاری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں خطے میں متبادل سپلائی چین کے فروغ اور سمندری تجارت کے نئے راستوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس سے پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔