ڈیرہ بگٹی: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبٰی نے ڈیرہ بگٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بازار میں عوام اور تاجروں سے غیر رسمی ملاقات کی اور ان کے مسائل اور تجاویز سنی۔
دورے کے دوران آئی جی ایف سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ مقامی لوگوں نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔
بعد ازاں میجر جنرل محمد عاطف مجتبٰی کی زیر صدارت ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں سیاسی رہنماؤں، قبائلی عمائدین، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی، ضلعی افسران اور بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔
جرگے میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی جی ایف سی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے امن، اتحاد اور عوامی تعاون بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
قبائلی عمائدین نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ اجلاس کو علاقے میں اعتماد سازی اور باہمی روابط کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔