33°C Sunny

پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں چوتھا کمزور ترین قرار – ہینلے انڈیکس میں 101ویں پوزیشن، صرف 29 ممالک تک رسائی

پاکستانی پاسپورٹ کو تازہ ترین ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے، جہاں پاکستان 199 پاسپورٹس میں 101ویں نمبر پر موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو صرف 29 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا یا آمد پر ویزا حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔

برطانیہ کی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کردہ انڈیکس میں دنیا کے 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا گیا۔ درجہ بندی کا معیار مختلف ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والوں کو دستیاب ویزا فری، ویزا آن ارائیول اور دیگر سفری سہولیات کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی عراق، شام اور افغانستان کے بعد دنیا میں کمزور ترین سطح پر ہے۔ خطے کے دیگر ممالک میں چین 60ویں، بھارت 81ویں جبکہ ایران 96ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ہینلے انڈیکس کے مطابق پاکستانی شہریوں کو 11 ممالک میں بغیر ویزا سفر کی سہولت حاصل ہے، جن میں بارباڈوس، کوک آئی لینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسریٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، دی گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 16 ممالک پاکستانی شہریوں کو آمد پر ویزا فراہم کرتے ہیں۔ ان ممالک میں برونڈی، کمبوڈیا، کوموروس، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، موزمبیق، نیپال، نیو، پلاؤ، ساموا، سینیگال، سیرا لیون، تیمور لیستے اور تووالو شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری کینیا، سیشلز اور سری لنکا کے لیے الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی کسی ملک کی سفارتی تعلقات، سکیورٹی صورتحال، معاشی استحکام اور بین الاقوامی اعتماد سمیت مختلف عوامل کی عکاسی کرتی ہے۔ کمزور پاسپورٹ رینکنگ کے باعث شہریوں کو بیرون ملک سفر، تعلیم، روزگار اور کاروباری مواقع کے حصول میں اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Just In
29-07-2026