30°C Sunny

وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی کو وفاقی ترجیح قرار دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کے عوام کو ان کے وسائل کا حقیقی اور منصفانہ فائدہ مل سکے۔

وزیراعظم نے یہ بات بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدانوں اور سینیٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں صوبے کی مجموعی ترقی، فلاحی منصوبوں اور درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمان کھیتران، اور بلوچستان اسمبلی کے ارکان شامل تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ عوامی معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان معدنی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ان وسائل سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں ملک میں کھاد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ زرعی شعبے کے تحفظ اور غذائی تحفظ کے لیے سپلائی چین پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کھاد کی بروقت دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ زرعی پیداوار متاثر نہ ہو۔

مزید برآں وزیراعظم نے ممکنہ سپلائی خطرات کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے متبادل درآمدی راستوں پر غور کی ہدایت بھی کی تاکہ ملک کی ضروری اشیاء کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور تمام منصوبوں کا مقصد صوبے میں پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔