خضدار میں ایف سی بلوچستان جنوبی کے تربیتی مرکز میں بنیادی فوجی تربیت کے بیچ 76 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 1,422 زیر تربیت اہلکاروں نے کامیابی سے اپنی بنیادی فوجی تربیت مکمل کرلی۔ تقریب میں کمانڈنٹ خضدار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سول و فوجی حکام، مقامی عمائدین، طلبہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں نے نظم و ضبط، جسمانی فٹنس اور فوجی مہارتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جسے تقریب میں شریک مہمانوں اور شرکا نے سراہا۔ کمانڈنٹ خضدار نے تربیت کامیابی سے مکمل کرنے پر نئے اہلکاروں کو مبارک باد دی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر تربیتی مدت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹ محمد طاہر کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ محمد طاہر کو بہترین کارکردگی کے اعتراف میں آئی جی ایف سی میڈل دیا گیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ نے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تیاری، جسمانی استعداد اور فوجی صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔