پاکستانی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن (CAHE) نے تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے، تحقیق، جدت، ڈیجیٹل تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی قیادت میں پاکستانی جامعات کے سربراہان پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے بیجنگ میں چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعلیمی تعاون کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی۔
ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان اور چین کے درمیان “پاک چین اعلیٰ تعلیم فریم ورک 2035” قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کے پانچ بنیادی ستون ہوں گے جن میں زبان و ثقافت کا تبادلہ، انسانی سرمایہ کی ترقی، تحقیق و جدت میں تعاون، جامعات کی ڈیجیٹل تبدیلی اور پاک چین نالج کوریڈور شامل ہیں۔
انہوں نے پاک چین یونیورسٹی لیڈرشپ اکیڈمی کے قیام کی تجویز بھی دی تاکہ تعلیمی قیادت اور انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں عوامی روابط کو مرکزی اہمیت حاصل ہے اور اعلیٰ تعلیم دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستانی جامعات کے سربراہان نے مختلف عملی تجاویز پیش کیں۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) نے اعلیٰ تعلیم کے اساتذہ کی تربیتی کالج کے قیام کے لیے تعاون طلب کیا، جبکہ جامعہ سندھ نے CAHE-HEC کنسورشیم کے تحت 100 جامعات کو شامل کرنے کی تجویز دی۔
بحریہ یونیورسٹی نے مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی اور کراچی میں ہائر ایجوکیشن میری ٹائم سینٹر کے قیام پر تعاون کی تجویز پیش کی، جبکہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) نے گوادر اور سی پیک سے متعلق تحقیقی تعاون پر زور دیا۔
COMSATS یونیورسٹی نے انڈسٹری 4.0 اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق مہارتوں پر مبنی نصاب متعارف کرانے کی اہمیت اجاگر کی۔
چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن کے نائب صدر ژانگ دالیانگ نے چھ یونیورسٹی کلسٹرز، چین پاکستان ریسرچ اینڈ انوویشن نیٹ ورک، مشترکہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تعلیم کے کورسز جبکہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت کے پروگرام شروع کرنے کی تجاویز دیں۔
انہوں نے مزید پاکستانی طلبہ کو چین میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ اکتوبر میں سالانہ کانفرنس جبکہ دسمبر 2026 میں شنگھائی میں اعلیٰ تعلیم کے عالمی فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستانی وفد میں NUST، COMSATS یونیورسٹی اسلام آباد، بحریہ یونیورسٹی، جامعہ سندھ، BUITEMS کوئٹہ، یو ای ٹی پشاور، یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد کشمیر اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے سربراہان شامل تھے۔