نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خطے کی تازہ صورتحال، ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی سے متعلق پیش رفت اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد خطے اور دنیا میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امن عمل میں پاکستان کی مسلسل حمایت اور ایران۔امریکہ مفاہمتی عمل میں کردار کو سراہتے ہوئے ایرانی ماہی گیروں کی محفوظ اور باحفاظت وطن واپسی میں تعاون پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حالیہ فوجی جھڑپوں کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی اور عالمی تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ پاکستان مسلسل سفارتی ذرائع سے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کی حمایت کر رہا ہے۔