وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور امریکا کے درمیان براہ راست پروازوں کے جلد آغاز میں دلچسپی رکھتی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔
یہ بات انہوں نے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیا پال کپور اور امریکی قائم مقام سفیر نٹالی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مختلف ادوار میں مضبوط رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت امریکی کمپنیوں کو ریکوڈک منصوبے میں مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے، جو بلوچستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔
ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکا نے اس منصوبے کے لیے 1.3 ارب ڈالر مختص کیے ہیں، جبکہ اس پر تعمیراتی کام جاری ہے اور تجارتی پیداوار 2028 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مثبت پیش رفت جاری رہے گی۔ امریکی حکام نے بھی پاکستان کے خطے میں امن کے کردار کو سراہا۔