پاکستانی کارکنوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر مالی سال 2027 میں ریکارڈ 43.7 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 7.3 ارب ڈالر ملک بھیجے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.7 فیصد زیادہ اور کسی بھی مالی سال کے آغاز پر ریکارڈ بلند سطح ہے۔ اس پیش گوئی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں موصول ہونے والے 41.6 ارب ڈالر کا ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا، جبکہ اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال کے لیے تقریباً 44 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کا تخمینہ دے رکھا ہے۔ مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ترسیلات زر 3.656 ارب ڈالر رہیں، جو سالانہ بنیاد پر 16.5 فیصد اور جولائی کے مقابلے میں 0.7 فیصد زیادہ ہیں۔ جولائی اور اگست کے دوران مجموعی ترسیلات 7.29 ارب ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ رقم 6.35 ارب ڈالر تھی۔ گزشتہ مالی سال ترسیلات زر 8.6 فیصد اضافے کے ساتھ 41.6 ارب ڈالر تک پہنچی تھیں۔ تاہم ترسیلات زر میں خلیجی ممالک کا بڑا حصہ برقرار رہنے سے علاقائی کشیدگی اور خلیجی ممالک کی روزگار منڈی میں تبدیلیاں ممکنہ خطرہ قرار دی گئی ہیں