30°C Sunny

پاکستان نے مقامی فتوہ ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ کیا

پاکستان نے اپنے مقامی طور پر تیار کردہ فتوہ ٹو میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی، نیویگیشن اور درست نشانہ لگانے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے کیا جو معمول کی تربیت اور نظام کی تکنیکی صلاحیتوں کی جانچ کے لیے کیا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق فتوہ ٹو میزائل جدید ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشن سسٹمز سے لیس ہے جو ہدف کو زیادہ درستگی سے نشانہ بنانے اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس تجربے کا مقصد مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور جنگی حالات میں درستگی اور محفوظ آپریشن کی صلاحیت کو یقینی بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔ شرکاء نے میزائل کے کامیاب تجربے کو پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں نمایاں پیش رفت قرار دیا۔

اعلیٰ سول و عسکری قیادت بشمول صدر مملکت، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اس کامیاب تجربے پر ٹیم کو مبارکباد دی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

یہ تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے اور مقامی سطح پر جدید میزائل ٹیکنالوجی میں خود کفالت کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے خطے میں قابل اعتماد دفاعی صلاحیت مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔