32°C Storm

بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح قرار

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان نے کہا ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبے بھر کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ضلعی انجینئرنگ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہو سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ حکومت عوامی فلاحی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔