کوئٹہ/گوادر: گوادر میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ جلد شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو شہر کو علاقائی معاشی مرکز میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت، اہمیت اور ٹائم لائن کا جائزہ لیا گیا، جس میں چیف انجینئر حاجی سید محمد اور ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی بھی شریک تھے۔ حکام کے مطابق اس میگا منصوبے کیلئے تقریباً 2,585 ایکڑ اراضی مختص کی جا رہی ہے۔
یہ منصوبہ ویسٹ بے کے علاقے میں قائم کیا جائے گا، جہاں کارپوریٹ دفاتر، ہوٹلز، اپارٹمنٹس، شاپنگ سینٹرز، کانفرنس ہالز اور جدید شہری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ میوزیم، تھیٹر، لائبریری، ایکسپو سینٹر، گوادر ٹاور، میرینا پارک اور ساحلی ریزورٹس بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔
منصوبے میں جدید ٹریفک مینجمنٹ، پیدل چلنے والوں کیلئے راستے، سائیکل ٹریکس اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم بھی شامل ہوں گے تاکہ شہر کو اسمارٹ پورٹ سٹی کے طور پر ترقی دی جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور مشترکہ سرمایہ کاری کے تحت آٹھ سال میں مکمل کیا جائے گا، جس سے سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت اور محفوظ بندرگاہ اسے عالمی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش بنا رہی ہے، اور سی بی ڈی منصوبہ شہر کو عالمی سطح پر ایک جدید تجارتی مرکز کے طور پر متعارف کرائے گا۔