28°C Sunny

پاکستان میں سب سے بڑے عالمی تائیکوانڈو ایونٹ کی میزبانی – لاہور میں 38 ممالک کے کھلاڑی مختلف کیٹیگریز میں مدمقابل

پاکستان 8ویں ورلڈ تائیکوانڈو پریزیڈنٹس کپ 2026 ایشین ریجن کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، بین الاقوامی چیمپئن شپ 17 سے 21 اگست تک لاہور کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں جاری رہے گی، جس میں ریکارڈ 38 ممالک کے 870 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

چیمپئن شپ پاکستان میں منعقد ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ورلڈ تائیکوانڈو ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ جاپان، جنوبی کوریا، انگلینڈ، آسٹریلیا، انڈونیشیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑی کیوروگی، پومسے اور پیرا کیوروگی مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے علاوہ پیرا تائیکوانڈو کیٹیگریز بھی شامل ہیں۔

پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ وسیم احمد جنجوعہ نے پریس کانفرنس میں ایونٹ کو پاکستان کے لیے تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک نے اس نوعیت کے بڑے بین الاقوامی تائیکوانڈو مقابلے کی پہلے کبھی میزبانی نہیں کی۔

انہوں نے پنجاب حکومت، پنجاب پولیس، سکیورٹی اداروں، اسپانسرز اور میڈیا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی وفود کے لیے جامع سکیورٹی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

ایشین تائیکوانڈو یونین کے صدر سانگ جن کم نے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرے گی۔ انہوں نے پاکستان میں تائیکوانڈو کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کھیل کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

Just In
13-09-2026