گوادر، بلوچستان، پاکستان میں محکمہ امورِ نوجوانان حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام نیشنل یوتھ سمٹ گوادر 2026 کا باضابطہ آغاز منگل کے روز ہو گیا، جس میں ملک بھر سے نوجوان مندوبین، اسکالرز، ماہرین اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔
یہ تین روزہ ایونٹ جی ڈی اے پبلک اسکول آڈیٹوریم میں منعقد ہو رہا ہے جو 7 سے 9 اپریل 2026 تک جاری رہے گا۔ سمٹ کا مرکزی موضوع “سیکھو، ایجاد کرو، قیادت کرو” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو قیادت، جدت اور سماجی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
پہلے روز قیادت اور ڈیجیٹل جدت پر سیشنز، افتتاحی تقریب، پینل مباحثے اور ورکشاپس شامل ہیں۔ دوسرے روز کاروبار اور بلیو اکانومی پر توجہ دی جائے گی جس میں بزنس پچ مقابلے اور گوادر بندرگاہ اور فش ہاربر کے مطالعاتی دورے شامل ہوں گے۔
تیسرے اور آخری روز موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور خواتین کی بااختیاری پر ماہرین کی زیر قیادت گفتگو ہوگی جبکہ ثقافتی سرگرمیاں بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔