31°C Partly Cloudy

پاکستان اور رومانیہ میں بندرگاہی تعاون کا معاہدہ، تجارت کے نئے مواقع

کراچی/اسلام آباد: پاکستان اور رومانیہ کے درمیان بندرگاہی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سمندری روابط اور تجارتی سرگرمیوں میں وسعت متوقع ہے۔

یہ معاہدہ رومانیہ کی نیشنل کمپنی میری ٹائم پورٹس ایڈمنسٹریشن کونستانتسا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان آن لائن تقریب میں طے پایا، جس پر کونستانتسا پورٹ کے جنرل منیجر میہائی تیوڈوریسکو اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے دستخط کیے۔

تقریب میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ و ٹرانسپورٹ کے نمائندوں، رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹوئنسکو اور پاکستان کے سفیر الیاس محمود نظامی سمیت پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

معاہدے کا مقصد کراچی پورٹ اور بحیرہ اسود میں واقع کونستانتسا پورٹ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے، جس سے جنوبی ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارت کو تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

ماہرین کے مطابق اس اقدام سے پاکستانی برآمدات کو یورپی منڈیوں تک بہتر رسائی ملے گی جبکہ رومانیہ کی مصنوعات کو پاکستان اور خطے میں نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ معاہدے کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام، تربیت، مہارتوں کے تبادلے اور بندرگاہی نظام کی بہتری پر بھی کام کیا جائے گا۔

یہ پیش رفت پاکستان کی میری ٹائم معیشت کے فروغ اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی روابط کو مستحکم بنانے میں اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔