27°C Sunny

ڈپٹی کمشنر گوادر کا پولیو مہم میں رہ جانے والے بچوں کے لیے دوبارہ دوروں کا حکم

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے جاری قومی انسداد پولیو مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں کی فوری نشاندہی اور دوبارہ گھروں پر جاکر ویکسین پلانے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات ضلعی انسداد پولیو مہم سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں ضلع بھر میں ویکسینیشن کی پیش رفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور 5 سال تک کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بچوں تک ٹیموں کی رسائی، فیلڈ نگرانی اور ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو دستیاب وسائل بھرپور انداز میں استعمال کرکے مقررہ اہداف حاصل کرنے اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خاص طور پر کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور رہ جانے والے ہر بچے کو فوری طور پر دوبارہ تلاش کرکے ویکسین پلائی جائے۔ نقیب اللہ کاکڑ نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کو بھی ضروری قرار دیا۔ اجلاس میں ضلعی صحت افسر ڈاکٹر یاسر طاہر، اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر جہانزیب خان اور دیگر حکام نے شرکت کی