چین کی معروف ایجیاو کمپنی ڈونگ ای ای جیاو اور گوادر میں قائم ہینگینگ گروپ کے درمیان پاکستان میں گدھوں کی صنعت کو جدید، معیاری اور پائیدار بنانے کے لیے 10 سالہ تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت ہینگینگ گروپ کو پاکستان میں ڈونکی انڈسٹری کے لیے تحقیقی مرکز اور گدھوں کی پائیدار ترقی و فلاح کے فروغ کا یونٹ قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ چین کے صوبہ شان ڈونگ کے شہر لیاوچینگ میں منعقدہ تقریب کے دوران ڈونگ ای ای جیاو نے ہینگینگ گروپ کو پاکستان میں اپنا واحد اسٹریٹجک پارٹنر بھی تسلیم کیا۔ تعاون کے تحت گدھوں کی افزائش نسل، جانوروں کی غذائیت، بیماریوں سے بچاؤ، معیار کے تعین، جانوروں کی ٹریس ایبلٹی اور سپلائی چین کی ترقی پر کام کیا جائے گا۔ دونوں ادارے بہتر نسلوں کی تیاری، بیماریوں کی نگرانی اور صنعت کے معیارات کے لیے مشترکہ لیبارٹری میں سرمایہ کاری کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں فارمز کی رجسٹریشن، افزائش کے ریکارڈ، بیماریوں کے معائنے اور جانوروں کے ماخذ کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ دونوں فریق چینی مارکیٹ تک قانونی اور محفوظ برآمدات کے لیے ویٹرنری سرٹیفکیشن، قرنطینہ، کسٹمز اور ٹریس ایبلٹی کے معاملات میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اس شراکت داری سے روزگار، کسانوں کی آمدن، ویٹرنری خدمات اور مویشیوں کی قدر میں اضافے کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ جانوروں کی فلاح، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار انتظام کو بھی ترجیح دی جائے گی۔